پی ٹی آئی کا چیئرمین کی نااہلی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان
08-09-2023
(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سےچیئرمین پی ٹی آئی کو پانچ سال کیلئے نااہل کرنے کے نوٹیفکیشن کے اجراء پر تحریک انصاف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں اور اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن بند کمروں میں بنائے گئے منصوبوں اور سیاست میں غیرفطری و غیرقانونی مداخلت کا شاخسانہ ہے،الیکشن کمیشن کا تحریک انصاف اور چیئرمین تحریک انصاف کے حوالے سے تعصّب قوم سے پوشیدہ نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایک متنازعہ ٹرائل کے نتیجے میں آنے والے متعصبانہ فیصلے کی بنیاد پر نہایت عجلت میں ”مائنس ون“ فارمولے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کو عوام بھی مسترد کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے التوا، جمہوریت کی بیخ کنی اور آئین سے انحراف کے منصوبے میں کلیدی سہولت کار ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا 4 اپریل کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے آئین سے کھلواڑ کی داستان بیان کرتا ہے، وقت آگیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل چیف الیکشن کمشنر کیخلاف زیر التوا ریفرنس کی سماعت کرے اور فیصلہ دے۔