دلی خواہش ہے اہلیہ سنیتا مارشل اسلام قبول کر لیں مگر۔۔ : اداکار حسن احمد

08-09-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حسن احمد نے اپنی اہلیہ اداکارہ سنیتا مارشل کے تبدیلی مذہب سے متعلق باتوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

انٹرنیٹ پر گردش کرتے حسن احمد کے ایک انٹرویو کلپ میں اداکار نے دوسرے مذہب کی خاتون سے شادی کرنے پر خود پر ہونے والی تنقید پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ میں تنقید کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ چلیں آپ کو میرا دوسرے مذہب کی خاتون سے شادی کرنا پسند نہیں آیا لیکن کیا اس بات پر آپ کو مجھے برا بھلا کہنے کا حق مل جاتا ہے؟ اپنے انٹرویو میں اداکار حسن احمد نے کہا کہ ان کی بھی دلی خواہش ہے کہ ان کی اہلیہ اسلام قبول کر لیں لیکن مذہب کی تبدیلی کا فیصلہ ان کے دل کا فیصلہ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہب کی تبدیلی کیلئے اچھے اور متاثرکن کردار کی زیادہ ضرورت ہے، میں ایک باعمل مسلمان ہوں اور میرا کردار انہیں مذہب تبدیل کرنے یا نہ کرنے کیلئے متاثر کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور ایک دم سے کچھ بھی نہیں ہوتا اس کیلئے وقت درکار ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل نامور ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل سے دوران شو مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے سوالات پر یوٹیوبر نادر علی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ پوڈ کاسٹ میں نادر نے سنیتا مارشل سے انتہائی ذاتی نوعیت کے سوال کر ڈالے، پہلے انہوں نے بچوں کے مذہب سے متعلق پوچھا اورپھر سنیتا سے مذہب تبدیل کرنے کا سوال کرلیا۔ جواباً سنیتا نے کہا کہ فی الحال ان کا اسلام قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، نہ ان پر سسرال کی جانب سے کسی قسم کا دباؤ ہے۔