چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل میں ہونا مکافات عمل ہے: وزیر اعظم شہباز شریف
08-08-2023
(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کو پتا ہے الیکشن کے بعد کس نے آنا ہے جو بھی حکومت آئے معاشی پروگرام پر عمل کرے، اجتماعی کاوشوں سے ملک کو دوبارہ راستے پر لانا ہو گا۔
پی بی اے، اے پی این ایس اور سی پی این اے کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب اقتدار ملا تو حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا، بدقسمتی سے چار سالہ دور میں ملک کے ساتھ زیادتی کی گئی، دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کیا گیا، ہم نے گزشتہ 15 ماہ میں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو بحال کیا ہے، ملکی بگاڑ کو ٹھیک کرنا آسان کام نہیں ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق دور میں تکبر اور غرور نے ملک کو گھیرا ہوا تھا، مخالفین کو نشانہ بنایا گیا، چور، ڈاکو کے بیانیے نے ہر طرف تباہی مچائی، یہ مکافات عمل ہے چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں ہے، اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ وہ دشمن کو بھی برا وقت نہ دکھائے، شکر ہے آئی ایم ایف پروگرام کے بعد ریاست بچ گئی، اگر معاہدہ نہ ہوتا تو ادویات اور پٹرول کیلئے لائنیں لگی ہوتیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی تقدیر کو بدلنا ہے، قرضوں سے نجات حاصل کرنی ہے، سی سی آئی نے اتفاق رائے سے مردم شماری کو قبول کیا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کرانے ہیں، جتنی جلدی ہو ملک میں الیکشن ہو جانے چاہئیں، توشہ خانہ کے کروڑوں روپے کے تحفوں کو نیلام کرنے کا اعلان کرتا ہوں، تحائف کو نیلام کر کے یتیم بچے، بچیوں کو پیسے دیں گے۔