شہر میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کا خدشہ بڑھ گیا

08-08-2023

(لاہور نیوز) مہنگا پٹرول بھی نایاب ہونے لگا۔ شہر میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کا خدشہ بڑھ گیا۔

سندھ  حکومت نے پنجاب کو پٹرولیم مصنوعات سپلائی کرنے والے ٹینکرز پر 1.5 روپے فی لٹر کا ٹیکس عائد کر رکھا ہے جس پر نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پنجاب کو سپلائی معطل کر دی۔ پی ایس او نے بھی سپلائی کو محدود کر دیا۔پی ایس او لاہور کے سیلز آفس کا ’’ایلوکیشن‘‘ لگانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ شمالی لاہور کے گنجان آباد علاقوں کے کئی پٹرول پمپس متاثر ہوئے۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن لاہور جہانزیب ملک نے لاہور نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ سندھ انفراسٹرکچرسیس کا معاملہ عدالت میں ہے جس کی وجہ سے آئل مارکیٹنگ کمپنیاں طلب کے معاملے میں کم سپلائی کر رہی ہیں۔ صدر پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری نعمان مجید نے مسئلہ پر حکومت  سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔