توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے پر آصف زرداری اور نواز شریف کیخلاف کارروائی کی درخواست

08-08-2023

(ویب ڈیسک) توشہ خانہ کے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے والے تمام اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

 لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرور نے دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر چیئرمین تحریک انصاف کو تین سال قید کی سزا ہوئی، الیکشن کمیشن انصاف کے تقاضے پورے نہیں کر رہا، الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ آصف زرداری، نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، یوسف رضا گیلانی نے بھی توشہ خانہ تحائف ظاہر نہیں کیے، الیکشن  کمیشن ان اراکین اسمبلی کے خلاف جان بوجھ کر کارروائی نہیں کر رہا، عدالت توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن کو کارروائی کا حکم دے۔