پی سی بی کا سابق فاسٹ باؤلر سرفراز نواز کی پنشن بحال کرنے کا اعلان

08-08-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین ذکا اشرف نے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز سے ملاقات کے دوران ان کی پینشن بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز سے ملاقات کی، اس موقع پر سابق کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ بھی موجود تھے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، ملاقات کا مقصد  جنوری 2017  سے سرفراز نواز کی رکی ہوئی ادائیگیوں کے مسئلے کو حل کرنا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ادا شدہ رقم تقریباً 5 ملین روپے بنتی ہے۔ ملاقات کے دوران  سابق فاسٹ بولرسرفراز نواز  نےذکا اشرف کو چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی بننے پر  مبارکباد دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے اس موقع پر سرفراز نواز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ان کی تمام رکی ہوئی ادائیگیوں کا چیک حوالے کیا اور انہیں اپنی تمام تر حمایت کا یقین بھی دلایا۔ واضح رہے کہ یہ وہ ادائیگیاں تھیں جو سرفراز نواز کی جانب سے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث ڈسپلنری کارروائی کے تحت روک دی گئی تھیں ۔ سرفراز نواز نے چونکہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین دلایا ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق پر عمل کریں گے لہذا پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت وہ ادائیگیاں بحال کردی گئی ہیں ۔ ذکا اشرف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انہیں سرفراز نواز جیسے کرکٹر کو اس حالت میں دیکھ کر افسوس ہوا اور وہ یہ دیکھ کر بہت ڈسٹرب ہوئے کہ سرفراز نواز جیسے کرکٹر کو ان کی پنشن جیسے حق سے محروم رکھا گیا۔ ذرائع کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر نے نوجوان بولرزکو ٹپس دینے کیلئے بھی اپنی خدمات پیش کیں۔