چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں حاضری معافی کی درخواست منظور

08-08-2023

(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں دائر حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 11 اگست تک توسیع کا حکم دے دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل آج دائر کر رہے ہیں، امید ہے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا ایک ہفتے تک معطل ہو جائے گی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جلد اپنی آزادی کو انجوائے کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی باقاعدگی کے ساتھ عدالت پیش ہوتے رہے ہیں۔ فاضل جج نے کہا کہ آپ اپیل سماعت کے لیے مقرر اور سزا معطل ہونے پر اتنا پُرامید کیوں ہیں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی آپ کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، حالات و واقعات ایسے ہیں وہ پیش نہیں ہوسکتے۔