وزیراعلیٰ محسن نقوی کا بخارا میں ہسپتالوں کا دورہ، مختلف شعبوں کا مشاہدہ

08-08-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بخارا میں ہسپتالوں کا دورہ کیا اور ہسپتالوں میں استقبالیہ ڈیسک، ریفرل سسٹم اور مختلف شعبوں کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وفد کے ہمراہ بخارا کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے چائلڈ ایمرجنسی، شعبہ ڈائیگناسٹک، میڈیکل وارڈ اور آئی سی یو کا وزٹ کیا اور طبی آلات اور جدید بیڈز دیکھے، محسن نقوی نے میڈیکل وارڈز، ڈینٹل کلینک اور شعبہ امراض قلب میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں معلومات لیں۔ محسن نقوی نے جدید ترین طبی آلات سے مزین ڈیپارٹمنٹ اور کارڈیک و آئی سی یو میں طریقہ علاج کا مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرز کے لئے لائبریری کے جدید نظام، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹریننگ کے لئے سیمینار روم کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے ڈاکٹروں اور طبی عملے سے گفتگو کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ازبک ڈاکٹروں اور عملے کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں دیکھ کر متاثرہوا ہوں، ہم پنجاب میں بھی مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دینے کے لئے کوشاں ہیں، انشاء اللہ پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔