آئی ایم ایف شرائط پر بجلی صارفین سے 721 ارب اضافی وصولی کی تیاری

08-08-2023

(لاہور نیوز) آئی ایم ایف کی شرط پر رواں مالی سال بجلی صارفین سے 721 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ستمبر تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپیہ 25 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے گی، ستمبر تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے سے 39 ارب موصول ہوں گے، ستمبر سے دسمبر تک فیول ایدجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 37  پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کی جائے گی جس سے 122 ارب روپے موصول ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ ریبیسنگ کی مد میں 5 روپے 75 پیسے بجلی مہنگی کرنے سے 560 ارب موصول ہوں گے، رقم توانائی شعبے کے گردشی قرضہ میں کمی لانے کیلئے استعمال کی جائے گی، رواں مالی سال کے اختتام تک پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2130 ارب تک محدود کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جون 2023 تک پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 27 سو ارب روپے کے لگ بھگ ہو چکا تھا، وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کا بجلی مہنگی کرنے کا پلان آئی ایم ایف کو بھی شیئر کر دیا گیا ہے۔