حکومت کو رخصتی سے 48 گھنٹے پہلے میثاق جمہوریت کی قبر یاد آگئی:شیخ رشید

08-08-2023

(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول کو آخری دن سمجھ آئی ہے کہ حکومت اداروں کو اپنی حدود میں کام کروانے میں ناکام رہی ہے، رخصتی میں 48 گھنٹے رہ گئے ہیں تو انہیں میثاق جمہوریت کی قبر یاد آ گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ جو کہتے تھے ڈالر  اور سرمایہ کاری لائیں گے اُنہوں نے آسمان سے مہنگائی کی بارش کی ہے،  ابھی تک فیصلہ نہیں ہوسکا کہ 24 کروڑ عوام والے ایٹمی ملک کی نگران حکومت کی گھنٹی کس کے گلے میں ڈالنی ہے اور کتنے عرصے کے لیے ڈالنی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ  مزید  خاموش رہی تو سب کچھ بہہ جائے گا، چلمن کے پیچھے والے چہرے سامنے آجائیں گے، آئین اور قانون ہاتھ جوڑ کر باادب کھڑا ہو جائےگا، اتحادی پارٹیوں میں اتحاد کےعلاوہ ہر چیز موجود ہے، نگران وزیراعظم کا فیصلہ بھی پارلیمانی کمیٹی یا الیکشن کمیشن کے پاس جا سکتا ہے۔ بلاول کو آخری دن سمجھ آئی ہے کہ حکومت اداروں کو اپنی حدود میں کام کروانے میں ناکام رہی ہےرخصتی میں 48 گھنٹے رہ گئے ہیں تو انہیں میثاق جمہوریت کی قبر یاد آ گئی ہے جو کہتے تھے ڈالر اور سرمایہ کاری لائیں گے اُنہوں نے آسمان سے مہنگائی کی بارش کی ہے ابھی تک فیصلہ نہیں ہوسکا کہ 24… — Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 8, 2023 انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ لوگوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح چلایا جا رہا ہے، الیکشن میں جارہے ہیں مگر الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں پر اور نئی مردم شماری پر ابھی تک واضح اعلان سامنے نہیں آیا، حکومت بجلی صارفین پر مزید 144 ارب روپے کا بوجھ ڈال سکتی ہے۔ سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر عنقریب 300 کراس کر جائے گا، غریب چیختا چلاتا رہ جائے گا، جب تک عوام کو قومی معاملات میں شامل نہیں کیا جا ئے گا اُس وقت تک ملک کے سیاسی  اقتصادی  معاشی اور مالیاتی حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔