پیمرا اتھارٹی بل کو کالا قانون کہے جانے پر واپس لیا گیا: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

08-07-2023

(لاہور نیوز) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پیمرا اتھارٹی بل اس لیے واپس لیا گیا کہ اسے کالا قانون کہا جا رہا تھا، اگر ورکنگ جرنلسٹ اس بل کو واپس لینے کے حق میں نہیں تو اسے ہاؤس کی پراپرٹی رہنے دیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پیمرا آرڈیننس ترمیمی بل پر کچھ حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا، تین روز سے مشاورت ہو رہی تھی، صحافتی تنظیموں کی طرف سے کہا گیا تین سے چار ترامیم پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، وزیر اطلاعات نے متنازع شقوں کو واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ میرا خیال ہے واک آؤٹ کرنے والے صحافیوں کو اپ ڈیٹس کے بارے میں علم نہیں، اگر انہیں پتا ہوتا تو شاید واک آؤٹ نہ کرتے، یہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور کا پرانا قانون تھا، بل میں کہا گیا دو ماہ کے واجبات نہ دینے والے چینلز کو دو کروڑ جرمانہ کیا جائے گا۔