عام آدمی کی خوشحالی کیلئے بہترین پالیسیاں تشکیل دیں گے: جہانگیر خان ترین

08-07-2023

(لاہور نیوز) نارووال سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔

میاں عثمان رشید نے اپنے گروپ کے ہمراہ استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین سے ملاقات کے موقع پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر آئی پی پی کے عون چودھری، نعمان لنگڑیال، مراد راس، رانا نذیر و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والوں میں میاں عثمان رشید، سابق ٹکٹ ہولڈر چودھری سجاد مہیس اور دیگر شامل ہیں، میاں عثمان رشید کے والد میاں رشید نارووال سے رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ نارووال سے بڑے سیاسی گروپ کو آئی پی پی میں خوش آمدید کہتا ہوں، عام آدمی کی خوشحالی کیلئے بہترین پالیسیاں تشکیل دیں گے، ہم نے عام آدمی کے ریلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا منشور تیار کیا ہے۔