جشن آزادی منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری
08-07-2023
(لاہور نیوز) جشن آزادی منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ملی جوش و جذبے سے سرشار چھوٹے بڑے سبھی بازاروں میں خریداری کرنے میں مصروف ہیں۔
جشن آزادی منانے کے لیئے شہر کے گلی کوچوں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ گئی۔ لاہورئیے آزادی کا جشن منانے کیلئے تیار ہیں۔ اردو بازار گنپت روڈ پر قومی پرچموں ، جھنڈیوں، باجوں اور بیجز کے سٹالز سج چکے ہیں۔ بچے بڑے سبھی خریداری میں مصروف ہیں۔ جہاں بڑے جشن آزادی کی تیاریوں میں مگن ہیں وہیں فیس پینٹنگ، ٹوپیاں، شرٹس ، چوڑیاں اور قومی لباس بچوں کی دلچسپی کا محور ہیں۔ پوری قوم یوم آزادی کے حوالے سے انتہائی پرجوش نظر آ رہی ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کے اصرار پر مارکیٹ سے خریداری کے لئے آئے ہیں۔ بچے کہتے ہیں جشن آزادی بھرپور انداز میں منائیں گے۔ 14 اگست ہماری آزادی کا دن ہے اور اس دن کو بھرپور انداز میں منانا ملی جوش و جذبے کا برملا اظہار ہے۔