ہزارہ ایکسپریس حادثہ، محکمہ ریلوے نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی

08-07-2023

(لاہور نیوز) محکمہ ریلوے نے گزشتہ روز نواب شاہ کے قریب سرہاری کے مقام پر ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ تیار کرلی۔

ذرائع کے مطابق جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹر کو موصول ہو گئی ہے جس میں شعبہ سول اور شعبہ مکینیکل کی نااہلی کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا ہے، حادثے کی وجہ پٹری کا ٹوٹنا اور فش پلیٹ کا نہ ہونا بھی قرار پائی ہے، ٹرین انجن وہیل اور ٹریک میں خرابی بھی حادثے کی وجوہات میں شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں شعبہ جات نے حادثے کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا ہے، دونوں شعبوں نے حادثے کی وجہ ایک دوسرے پہ ڈال دی۔ جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے، حادثے کا شکار ٹرین انجن کے وہیل ڈیمج پائے گئے ہیں، ٹریک کو آپس میں جوڑنے کے لیے فش پلیٹ موجود نہیں تھی۔