پاکستان کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ بہتر ہو رہی ہے: جیولین فونٹین

08-07-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فیلڈنگ کوچ جیولین فونٹین نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ بہتری کی طرف جا رہی ہے جو کہ گیم کا تقاضا بھی ہے۔

جیولین فونٹین ان دنوں انڈر 13 کوچنگ کیمپ کے لیے لاہور میں موجود ہیں، وہ 2012 سے 2014 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہے ہیں۔ جیولین فونٹین کا کہنا تھا پاتھ وے پروگرام کو باقاعدگی سے کرنا ایک اچھا آئیڈیا ہے، کم عمر ی میں کھلاڑیوں کو معلومات ملنا مفید ہوتا ہے اور ایج گروپ کھلاڑیوں کو غیر ملکی اور مقامی کوچز سے یہ معلومات مل رہی ہیں۔ فونٹین کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ بہتری کی جانب جا رہی ہے، گیم تقاضا کرتی ہے کہ بہتری آئے اور پاکستان ٹیم خود کو بہتر کر رہی ہے، پاکستان کرکٹرز کا عمومی رویہ شاندار ہے، ان میں اچھی ایتھلیٹک قابلیت ہے۔ جیولین فونٹین کا ماننا ہے کہ فیلڈنگ کی مہارت کم عمر میں حاصل کرنے کی ضرورت ہے، 21 یا 22 سال کی عمر میں یہ مہارت حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے، ایج گروپ میں مہارت حاصل کریں جو پھر انڈر 19، پاکستان شاہینز اور پاکستان ٹیم میں آکر مزید بہتر ہو۔