ہزارہ ایکسپریس حادثہ وسائل کم ہونے کا شاخسانہ ہے، خواجہ سعد رفیق

08-07-2023

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس حادثہ وسائل کم ہونے کا شاخسانہ ہے۔

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کل ریلوے حادثے میں 30 قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں، ہم ٹرین واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، ذمہ دار کو سزا ملے گی، ہزارہ ایکسپریس حادثہ وسائل کم ہونے کا شاخسانہ ہے۔ وزیر ہوابازی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے دنیا کی بڑی ایئرلائنز میں شامل تھی، پی آئی اے میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں، پوری دنیا کے روٹس ہمارے پاس موجود ہیں مگر جہاز نہیں ہیں، ہم پی آئی اے میں بیرونی سرمایہ کاری لائیں گے، تمام ایئرپورٹس ایک ایک کرکے آؤٹ سورس ہوں گے، ہم سب سے پہلے اسلام آباد ایئرپورٹ کو 15سال کیلئے آؤٹ سورس کریں گے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ لاہور کالج یونیورسٹی ایک مایہ ناز درسگاہ ہے جو پاکستان میں درس و تدریس کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، وزیراعظم لیپ ٹاپس سکیم 2010 میں شہبازشریف نے شروع کی، میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دیئے گئے، درمیان میں ایک تبدیلی کا وقفہ آگیا تھا جس میں لیپ ٹاپس نہ مل سکے، اب دوبارہ تعمیروترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موٹرویز ،یونیورسٹیز ،کالجز ،موبائل ٹیکنالوجی ہمارے ادوار میں آئی، یہاں تمام نئے ایئرپورٹس ہم ہی نے بنائے ہیں، سچ کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے لیکن سانچ کو آنچ نہیں، جب سیاستدان ایک دوسرے پر الزام لگائیں تو اس پر ایک دم یقین نہ کیا کریں، کارکردگی کی بنیاد پر پرکھا جائے الزامات کی بنیاد پر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بحرانی دور سے گزر رہا ہے، خدا نہ کرے ہم پھر ٹوٹ جائیں ،ہمیں پھر نہیں ٹوٹنا، ہم 6 سال میں 4 کروڑ بڑھ گئے ہیں، ہم لوگوں کو پینے کا صاف پانی نہیں دے سکے، اب تو افغانستان میں طالبان نے بھی تیزی سے ترقی کرنی شروع کردی ہے، بھارت بہت آگے نکل گیا ہے، بنگلا دیش کہاں سے کہاں جا پہنچا، ہماری آپسی لڑائی نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا۔ وفاقی وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پہلا اسلامی ملک ہے جو ایٹمی طاقت ہے، سیاسی استحکام کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکیں گے، پاکستان کا مقدر بھوک اور ناانصافی نہیں، پاکستان کے فیصلہ ساز،پالیسی میکر اور حکمران قوم کو انصاف نہیں دے سکے،انصاف کے نام پر قوم کو صرف دھوکا دیا گیا یا انصاف دیا ہی نہیں گیا۔