چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان کا معاشی منظرنامہ تبدیل ہوا: وزیراعظم

08-07-2023

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان کے معاشی منظرنامے میں تبدیلی آئی ہے۔

اسلام آباد میں معروف چینی بینکوں اور کمپنیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں چین کا کردار اہم ہے، پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے والی چینی کمپنیوں کے نمائندوں سے مل کر خوشی ہوئی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان بہترین منصوبہ ہے، چینی کمپنیوں کے پاکستان میں کام کرنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے، سی پیک صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا اہم جزو ہے، چینی کمپنیوں نے سی پیک میں 30 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی،اب ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان کا معاشی منظر نامہ تبدیل ہوا، ایس آئی ایف سی معاشی ترقی کا روڈ میپ ہے، آرمی چیف عاصم منیر نے سی پیک کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، ہمیں پاکستان کے نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہیں۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کو حتمی شکل دینے میں چینی تعاون لازوال دوستی کا عکاس ہے، سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے ماہرین اور عملے کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں دوست ممالک تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہوچکے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔