ملازمہ تشدد کیس: سومیہ عاصم درخواست ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار

08-07-2023

(ویب ڈیسک)ملازمہ تشدد کیس میں رضوانہ کو تشدد کا نشانہ بنانے والی سول جج کی اہلیہ سومیہ عاصم کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج فرخ فرید نے ملزمہ کی درکواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج فرخ فرید نے ملزمہ رضوانہ پر تشدد کیس کی سماعت کی، ملزمہ سومیہ عاصم اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ جج کی اہلیہ و ملزمہ سومیہ عاصم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سومیہ نے کم سن بچی کو صحیح سلامت اس کی ماں کے حوالے کیا تھا۔ عدالت نے سومیہ کے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزمہ کے خلاف کیس کا ریکارڈ کدھر ہے؟ جس پر وکیل ملزمہ نے کہا کہ سومیہ عاصم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں اور اپنی بے گناہی کا اظہار کیا۔ وکیل ملزمہ نے کہا کہ ریکارڈ میں پولیس نے لکھا کہ ملزمہ سومیہ عاصم نے تشدد نہیں کیا، سومیہ عاصم نے ملازمہ کو واپس بھیجنے کا بار بارکہا، ڈھائی گھنٹے بچی بس سٹاپ پر بیٹھی رہی جو اس وقت اٹھ نہیں پا رہی۔ سومیہ عاصم کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ سومیہ عاصم نے کم سن بچی کو اس کی ماں کو صحیح سلامت دیا، آج دوپہر کو جی آئی ٹی نے بچی کی ماں اور ڈرائیور کو بلایا ہوا ہے، شام تک انتظار کر لیا جائے تو بہتر ہو گا، جے آئی ٹی کی تفتیش مکمل ہو جائے گی۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے تک کیس ملتوی کرنا ممکن نہیں ہے۔ ملزمہ کے وکیل کی جانب سے یو ایس بی میں ویڈیو عدالت کے سامنے پیش کی گئی، جج نے ویڈیو دیکھ کر استفسار کیا کہ کیا لڑکی فرنٹ سیٹ پر بیٹھی تھی، اس پر وکیل ملزمہ کا کہنا تھا کہ جی لڑکی فرنٹ سیٹ پر بیٹھی تھی۔ جج کی اہلیہ سومیہ عاصم کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا بیان ہے کہ جج کی بیوی نے رضوانہ کو دھکا مارا حالانکہ ایسا کچھ نہیں، عدالت نے کہا کہ ہم نے میڈیا کو نہیں بلکہ ایف آئی آر کو دیکھنا ہے۔ دازاں عدالت نے سومیہ کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا جس پر ملزمہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔