وزیراعظم شہباز شریف نے پی کے ایل آئی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا
08-06-2023
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ ( پی کے ایل آئی) یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
پی کے ایل آئی یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی کے ایل آئی نے 2015 میں اپنے سفر کا آغاز کیا،2018 میں پی کے ایل آئی کی تکمیل ہوئی، پروفیسر سعید اختر نے پی کے ایل آئی کیلئے شبانہ روز محنت کی، پی کے ایل آئی کو جدید خطوط پر عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا، باہر کی کمپنیوں کی شراکت داری سے بہترین اسپتال معرض وجود میں آیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ اب تک ایک ہزار سے زائد کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ ہو چکے ہیں، پی کے ایل آئی میں امیر اور غریب کی تفریق کے بغیر مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے، مریضوں کے لیے پی کے ایل آئی امید کی ایک کرن ہے، ہم نے اپنے گزشتہ دور میں پی کے ایل آئی کے لیے بھرپور کاوش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پی کے ایل آئی کے ماتحت ہیپاٹائٹس کی تشخیص کیلئے فلٹر کلینکس بنائے، بدقسمتی سے سابقہ حکومت میں ان فلٹر کلینکس کو بند کردیا گیا، اب ہم نے فلٹر کلینکس کو دوبارہ بحال کر کے پی کے ایل آئی کے ماتحت کردیا ہے، فلٹر کلینکس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی کا سب سے بڑا چیلنج غریبوں کے فری علاج کیلئے فنڈز کا تھا، بدقسمتی سے ماضی میں جو غفلت کی گئی اس کا ذکر نہیں کروں گا، اس وقت 15ارب روپے ٹرسٹ کے فنڈ میں موجود ہیں، ٹرسٹ کے فنڈ سے غریبوں کا مفت علاج ہوگا، مخیر حضرات بھی ادارے کو فنڈز اور ادویات فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا پی کے ایل آئی کے ڈاکٹرز اور عملہ بہترین خدمات انجام دے رہا ہے، آج جس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا یہ عظیم منصوبہ ہے،پی کے ایل آئی کا مقصد صرف ہسپتال بنانا نہیں تھا بلکہ یہاں جدید میڈیکل یونیورسٹی بھی ہوگی، پی کے ایل آئی یونیورسٹی کے لیے پنجاب حکومت فنڈز فراہم کررہی ہے۔