نوابشاہ :ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ، 30 افراد جاں بحق
08-06-2023
(لاہور نیوز) کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کراچی سے حویلیاں جا رہی تھی، کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس کو سرہاری ریلوے سٹیشن کے قریب حادثہ پیش آیا، حادثے میں ہزارہ ایکسپریس کی 08 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں درجنوں خواتین، مرد اور بچے زخمی ہوئے ہیں، حادثے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ چکی ہیں جبکہ ریلوے حکام اور قریبی علاقوں کے مقامی لوگ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ نواب شاہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، ویران علاقے میں حادثہ پیش آنے کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔ ادھر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ مجھے حادثے کا علم ہوگیا ہے معلومات آنے پر آگاہ کروں گا، ابھی تک متعدد اموات کی خبر آئی ہے، پہلے ریلیف کا کام ہوگا پھر تحقیقات ہو گی، ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرین 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارا پورا سسٹم کام کر رہا ہے، نوابشاہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ابھی ابتدائی اطلاعات ہیں مصدقہ اطلاعات آنا باقی ہیں، ہماری پہلی ترجیح کراچی سے روہڑی سیکشن ہے، پھر ہم روہڑی سے پشاور تک آئیں گے، ٹریک کا وہ حصہ جو سیلاب سے ہٹ ہوا وہ سردرد بن چکا ہے، ابھی صبح ہی سوچ رہا تھا 3 دن رہ گئے ہیں کوئی حادثہ نہ ہوجائے۔