پی ٹی آئی کو ایک اور دھچکا، نکئی برادران کا آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان

08-06-2023

(لاہور نیوز) تحریک انصاف قصور کے رہنماؤں نکئی برادران اور کئی دیگر شخصیات نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف قصور کے رہنماؤں نکئی برادران اور کئی دیگر اہم سیاسی شخصیات نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ سردار طالب نکئی، سردار ایاز نکئی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے جہانگیر ترین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، ملاقات میں صدر آئی پی پی و دیگر رہنما عون چودھری، نعمان لنگڑیال اور چودھری نوریز شکور بھی موجود تھے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی رہنماؤں کو خوش آمدید کہا، ان کا کہنا تھا کہ ضلع قصور سے ہمارے دوست آئی پی پی میں شامل ہوئے ہیں، تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آئندہ دنوں میں سنٹرل پنجاب اور پورے پنجاب سے مختلف گروپ آئی پی پی میں شامل ہوتے نظر آئیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب دوست مل کر اپنے منشور پر کام کریں گے، خان پاکستان کو خوبصورت اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔