پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پولیس ہیلپ لائن کالز کا ریکارڈ جاری کردیا
08-06-2023
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پولیس ہیلپ لائن ون فائیو(15) پر موصول ہونیوالی کالز کا ریکارڈ جاری کردیا۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ماہ جولائی کے دوران پولیس ہیلپ لائن 15 پر لاہور سمیت پنجاب بھر سے 27 لاکھ 10 ہزار543 کالز موصول ہوئیں، 1 لاکھ 94 ہزار 802 کالز پر پولیس کی مدد فراہم کی گئی۔ سیف سٹیز ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر موصول شدہ کالز میں سے 6 لاکھ 45 ہزار308 کالز غیر متعلقہ تھیں، مختلف معلومات کے حصول کیلئے پولیس ہیلپ لائن پر 40 ہزار616 کالز موصول ہوئیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جولائی کے مہینے میں ٹریفک سے متعلقہ 7 ہزار 683 کالز پر شہریوں کی رہنمائی کی گئی، لاہور لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سینٹر کی مدد سے 2 لاپتہ افراد کو اپنوں سے ملوایا گیا جبکہ 81 موٹرسائیکلیں اور 7 دیگر گاڑیاں مالکان کے حوالے کی گئیں۔ ایس پی رضا تنویر نے شہریوں سے التماس کی ہے کہ شہری پولیس ہیلپ لائن ون فائیو (15) پر غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں۔