رمیز کی لنکن گلوکارہ کیساتھ مشہور گانا گانے کی کوشش، ویڈیو وائرل

08-06-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجا اپنی کمنٹری کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں لیکن ایک حالیہ ویڈیو سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ان کی گلوکاری کی مہارت بھی بری نہیں ہے۔

رمیز راجا ان دنوں سری لنکا میں ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ کے سلسلے میں سری لنکا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے معروف لنکن گلوکارہ 'یوہانی' کے ساتھ ان کے مشہورِ زمانہ گانے 'مانیکے مگے ہتھے' گنگنانے کی کوشش کی۔ رمیز راجا اور یوہانی کی یہ دلچسپ ویڈیو لنکا پریمیئر لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی جو اب سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز پر وائرل ہے۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ یہ ایک بیٹنگ لیجنڈ ہیں لیکن رمیز راجا کی گلوکاری کی مہارت یوہانی کے ساتھ کتنی اچھی ہے؟ کیا رمیز یوہانی کو چیلنج کرسکتے ہیں؟ واضح رہے کہ یوہانی لنکا پریمیئر لیگ کی سفیر ہیں، 2020 میں ان کا گانا مانیکے مگے ہتھے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول ہوا تھا، 2022 میں اس گانے کو بالی وڈ فلم 'تھینک گاڈ' میں شامل کیا گیا تھا، گانے کی ویڈیو میں سدھارتھ ملہوترا اور نورا فتیحی تھے۔ یہ گانا سری لنکا کی سنہالی زبان میں گایا گیا ہے، لیکن اس کی دُھن اتنی شاندار ہے کہ ہر سننے والے کو اپنی جانب کھینچ لیتی ہے۔ خیال رہے کہ رمیز راجا کی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حال ہی میں ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں بطور کمنٹیٹر واپسی ہوئی ہے۔ سابق اوپنر ستمبر 2021 سے کمنٹری باکس سے دور تھے کیونکہ وہ تین سال کی مدت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔