وزیراعلیٰ محسن نقوی کا تھانہ سٹی راولپنڈی کا دورہ، گندگی، تعفن، صفائی کی ابتر صورتحال پر اظہار برہمی

08-06-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ سٹی راولپنڈی کا دورہ کیا،گندگی، تعفن ، صفائی کے ناقص انتظامات اور واش رومز کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس ایچ او کی سرزنش کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ نے تھانے کے واش رومز استعمال کئے ہیں؟ وزیراعلیٰ نے ایس ایچ او کو واش رومز کا وزٹ کرنے ، صفائی کے انتظامات اور واش رومز کی حالت کو بہتر بنانے کا حکم دے دیا۔ دورے کے دوران  فرنٹ ڈیسک کمپلینٹ سسٹم بھی سلو پایا گیا۔ جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی فرنٹ ڈیسک کے کمپیوٹر پر سائلین کی درخواستوں پر پراگرس کا جائزہ لینے لگے تو سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی تھانے کے دورے کے بعد دوبارہ فرنٹ ڈیسک پر آئے تو بھی سسٹم کام نہیں کر رہا تھا۔ جس پر وزیراعلیٰ نے اچھی سپیڈ والا انٹرنیٹ لگانے اور زیر التواء درخواستوں پر جلد ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ درخواست کے اندراج سے ایف آئی آر تک سائلین کو تھانے کے بار بار چکر نہ لگوائے جائیں، سائلین کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حوالات، انوسٹی گیشن روم ، کنٹرول روم اور تھانے کے دیگر حصوں کا بھی وزٹ کیا، انوسٹی گیشن روم میں پولیس اہلکار لانگ نیکر پہنے ہوئے تھا اور وہاں چارپائیاں پڑی ہوئی تھیں۔