ورلڈ کپ کا دباو،پی سی بی کا کھلاڑیوں کو پریشر سے بچانے کیلئے بڑا قدم اٹھانے پر غور

08-05-2023

(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈکپ کے دوران بھارت میں پاکستانی کرکٹرز کو دباؤ سے آزاد رکھنے کیلیے ماہر نفسیات کے تقرر سے متعلق غور کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل حالات کا جائزہ لینے کیلیے ایک وفد کو بھی بھیجنے کا امکان ہے،اب بورڈ آگے کی پلاننگ بھی شروع کر چکا،موجودہ  سکواڈ کے بیشتر کرکٹرز نے کبھی بھارت میں کرکٹ نہیں کھیلی، اعلیٰ حکام کو لگتا ہے کہ میڈیا ہائپ اور عوامی توقعات کھلاڑیوں کو دباؤ کا شکار کر سکتے ہیں،اس لیے ماہر نفسیات کا تقرر کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے،وہ سکواڈ کے ساتھ پڑوسی ملک جائے گا اور اہم مواقع پر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے ساتھ ان کو کسی خوف کا شکار ہونے سے بچائے گا، گوکہ ابھی کسی کا نام فائنل نہیں ہوا لیکن آپشنز دیکھنا شروع کر دیے گئے ہیں، یہ بھی ممکن ہے کہ ٹیم کی روانگی سے قبل سیشنز رکھے جائیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کھلاڑیوں سے خوشگوار تعلقات رکھنے کے قائل ہیں، انہوں نے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے بھی متعلقہ حکام کو یہی تلقین کی کہ خوش اسلوبی سے معاملے کو حل کیا جائے، اسی وجہ سے بھاری بھرکم اضافے کی پیشکش کر دی گئی۔ رواں برس ون ڈے ورلڈکپ کا اکتوبر،نومبر میں بھارت میں انعقاد ہونا ہے،پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت کا فیصلہ ایک اعلیٰ سطح کی حکومتی کمیٹی  کرے گی جس کا پہلا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا تھا، ذرائع کے مطابق پی سی بی کو مثبت اشارے موصول ہوئے ہیں،سکیورٹی کی یقین دہانی ملنے پر ٹیم سرحد پار جائے گی۔