چیئرمین پی ٹی آئی مجھے کہتے تھے ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں، فردوس عاشق اعوان
08-05-2023
(لاہور نیوز) ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی مجھے کہتے تھے جا کر کہو کہ اس ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے، آج مجھے ان کیلئے بھی یہی کہنا پڑ رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر کے فورم سے سیاسی بات نہیں کرنی چاہیے، سب سے پہلے بشریٰ بی بی کو مبارکباد دینا چاہوں گی، آج مرشد کے کرشمے دکھانے کا وقت آگیا ہے، آج آپ کے غلط مشوروں نے پی ٹی آئی کی سیاست کو تہس نہس کر دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عثمان بزدار، فرح گوگی کو بھی جیل کی سلاخوں میں جانا چاہیے، مرشد کے حکم پر چلنے والے افراد کو بھی کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے، اگست پاکستان کی آزادی کا مہینہ ہے۔ رہنما آئی پی پی کا مزید کہنا تھا کہ آج زمان پارک سے پی ٹی آئی کی فلم اتر گئی،ایک کارکن بھی وہاں احتجاج کیلئے نہیں پہنچا، آج غرور و تکبر کا بت پاش پاش ہوا ہے، توشہ خانہ کیس میں چوری بے ایمانی ثابت ہوگئی ہے۔