پاکستان کی کل آبادی 241.49 ملین، ساتویں خانہ و مردم شماری کے نتائج جاری
08-05-2023
(ویب ڈیسک) مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے نئی مردم شماری کی منظوری کے بعد ادارہ شماریات کی جانب سے ملک میں آبادی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔
بیورو آف شماریات کے مطابق نئی مردم شماری کے بعد پاکستان کی کل آبادی 241.49 ملین ریکارڈ ہوئی ہے، آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد ہے، ملک کی دیہی آبادی 61.18 فیصد جبکہ شہری آبادی 38.82 فیصد ہے۔ ساتویں خانہ و مردم شماری کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ آبادی پنجاب میں 127.68 ملین ریکارڈ کی گئی ہے، صوبے میں آبادی کے اضافے کی شرح 2.53 فیصد ہے، پنجاب کی 59.30 فیصد آبادی دیہی جبکہ 40.70 فیصد شہری ہے۔ اسی طرح سندھ کی کل آبادی 55.69 ملین ریکارڈ کی گئی ہے، صوبے میں اضافے کی شرح 2.57 فیصد ہے، سندھ کی 46.27 فیصد آبادی دیہی اور 53.7 فیصد شہری ہے۔ خیبرپختونخوا کی کل آبادی 40.85 ملین ریکارڈ کی گئی ہے، صوبے میں اضافے کی شرح 2.38 فیصد ہے، خیبرپختونخوا کی 84.99 فیصد آبادی دیہی جبکہ 15.01 فیصد شہری ہے۔ ترجمان شماریات کے مطابق بلوچستان کی کل آبادی 14.89 ملین ہے، صوبے میں اضافے کی شرح 3.20 فیصد ہے، بلوچستان کی 69.04 فیصد آبادی دیہی جبکہ 30.96 فیصد شہری آبادی ہے اسلام آباد کی آبادی 2.36 ملین ریکارڈ کی گئی، وفاقی دارالحکومت میں اضافے کی شرح 2.81 فیصد ہے، اسلام آباد کی 53.10 فیصد آبادی دیہی جبکہ 46.90 فیصد آبادی شہری ہے۔