لاہور پولیس اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا پتنگ بازوں کے خلاف آپریشن، 1000 پتنگیں برآمد

08-05-2023

(لاہور نیوز) لاہور پولیس اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پتنگ بازوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے پتنگ فروش ملزمان سے 1000 پتنگیں برآمد کر لیں۔

لاہور پولیس اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پتنگ بازوں کے خلاف مشترکہ آپریشن جاری رکھتے ہوئے تھانہ کاہنہ کی حدود سے ڈرائیور سرفراز کے ساتھ اویس اور طلحہ کو پتنگوں سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے سیف سٹی کی نشاندہی پر پتنگ فروش ملزمان سے 1000 پتنگیں برآمد کیں۔ پولیس آپریشن میں سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے پتنگ فروشوں کی لوکیشن ٹریس کی گئی۔ ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے ضابطے کے مطابق مقدمہ درج کروایا گیا۔ اس موقع پر ایس پی احمد زنیر چیمہ کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں۔ شہری اپنے علاقہ میں پتنگ بازی و پتنگ فروشی کی اطلاع 15 پر دیں۔