لاہور کے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی پیکیج کے منصوبے تیار

08-05-2023

(لاہور نیوز) لاہور کے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں گلیوں کی مرمت اور بحالی کے ساتھ واٹر سپلائی اور سیوریج کے منصوبے بھی بنا لئے گئے۔

ترقیاتی کاموں کے ذریعے عام انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔ مسلم لیگ ن کے کمزور انتخابی صوبائی حلقوں میں فنڈز کی بارش کر دی گئی۔ پنجاب حکومت اور ایل ڈی اے کے ذاتی وسائل سے فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔ شہرلاہور میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے لیے نیا ترقیاتی پیکیج دے دیا گیا۔ ڈویژنل ورکنگ پارٹی نے واسا کو ٹیوب ویل اور واٹر سپلائی سسٹم بچھانے کی منظوری دے دی۔ ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں نئے ٹیوب ویل اور واٹر سپلائی لائن بچھائی جائیں گی۔ این اے 125 میں 7 کروڑ 50 لاکھ روپے سے دو کیوسک کا ٹیوب ویل لگایا جائے گا۔ این اے 129 میں 14 کروڑ 85 لاکھ روپے سے دو کیوسک کا پمپ لگایا جائے گا۔ این اے 129 میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے 5 کروڑ 15 لاکھ روپے سے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاک ٹاؤن میں واٹر و سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا کام 10 کروڑ روپے سے کیا جائے گا۔ حکیم ٹاؤن اور ملحقہ گلیوں میں 10 کروڑ روپے سے سیوریج اور واٹر سپلائی لائنیں بچھائی جائیں گی۔ پی پی 146 میں 3، پی پی 147 میں 4 اور پی پی 150 میں 4 نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب کی جائے گی۔ واسا کی جانب سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔