مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے عوامی رکشہ یونین کی ریلی

08-05-2023

(لاہور نیوز) مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عوامی رکشہ یونین کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر ریلی نکالی گئی۔

یوم استحصال پر شہر لاہور کے رکشہ ڈرائیورز بھی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو گئے۔ عوامی رکشہ یونین نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حق میں پر امن ریلی نکالی۔ ریلی میں شہر بھر سے رکشہ ڈرائیوروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی میں آزادی کشمیر کے لئے اور بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ ریلی کی سربراہی عوامی رکشہ یونین کے صدر مجید غوری نے کی۔ میڈیا سے گفتگو میں مجید غوری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی اور پاک فوج سے مظلوم کشمیریوں کی مدد کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں شریک رکشہ ڈرائیوروں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے کو بھی نذرِ آتش کیا۔