مہنگائی نے مستقل ڈیرے ڈال لئے، کچھ بھی سستا نہ رہا
08-05-2023
(لاہور نیوز) مہنگائی نے مستقل ڈیرے ڈال لئے۔ چکن، انڈے، سبزیاں اور پھل کچھ بھی سستا نہ رہا۔
مہنگائی نے لوگوں کی پریشانیاں بڑھا دیں۔ مارکیٹ کمیٹی سبزی منڈی نے سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے۔ پیاز 3 روپے مہنگا، مارکیٹ میں 90 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا۔ سبز مرچ کے دام بھی 10 روپے بڑھ گئے، 110 روپے کے بجائے 150 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے۔ آلو درجہ اول 75 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو تک بک رہے ہیں۔ اروی 135 روپے کلو مقرر تاہم فروخت 200 روپے فی کلو تک ہو رہی ہے۔ روزمرہ استعمال کی سبزیوں میں ٹماٹر 170 روپے، لہسن 550 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ ادرک کا استعمال تو غریب شہریوں کے لئے ناممکن بن گیا۔ ادرک سرکاری قیمت 895 روپے کے بجائے مارکیٹ میں 1100 روپے کلو تک فروخت کیا جانے لگا۔ شہری کہتے ہیں اب تو پیاز ٹماٹر کی خریداری بھی مشکل ہو چکی ہے۔ دوسری جانب برائلر 552 روپے کلو کی سطح پر برقرار جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 1 روپیہ بڑھا کر 281 روپے درجن مقرر ہو گئی۔ مارکیٹ میں شہریوں کو انڈے300 روپے درجن تک فروخت کیے جانے لگے۔