اسلام آباد ہائیکورٹ کا توشہ خانہ فیصلہ، چیئرمین پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے رجوع

08-05-2023

(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے توشہ خانہ اپیل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

خواجہ حارث ایڈووکیٹ کی جانب سے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کردی گئی، قانونی ٹیم کی جانب سے دائر درخواست پر ڈائری نمبر لگا دیا گیا۔ قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا تھا کہ ہمیں اس بات پر تحفظات ہیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس واپس اسی جج کو بھیجا جس نے پہلے بھی ہمارے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے، سیشن جج نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تو یہ قانون کے مطابق نہیں ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عدالت نے توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دیا تو ہم حتمی دلائل کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی جبکہ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا تھا۔