قومی کرکٹرز کے معاوضوں میں 100 فیصد سے زائد اضافے کا امکان

08-05-2023

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹرز کے اگلے سنٹرل کنٹریکٹ میں ریڈ اور وائٹ بال کیٹیگریز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ روایتی انداز میں اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں ملیں گے، سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد بھی کم کر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ برس سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 33 تھی، نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 25 یا 26 رکھنے اور سنٹرل کنٹریکٹ کے معاوضوں میں 100 فیصد سے بھی زائد اضافے کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں فارمیٹس کی میچ فیس میں مجموعی طور پر 25 فیصد تک اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر اور سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا جائے گا، سنٹرل کنٹریکٹس کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے اعلان اور چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کیلئے انضمام الحق مضبوط امیدوار ہیں۔ خیال رہے کہ قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو گئے تھے جس کے بعد اس میں ایک ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔