یوم شہدائے پولیس پر ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین شہید کو پولیس کا خراج عقیدت

08-04-2023

(لاہور نیوز) یوم شہدائے پولیس پر ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین شہید کو پولیس نے خراج عقیدت پیش کیا۔

سی ٹی او مستنصر فیروز نے کیولری گراؤنڈ قبرستان میں کیپٹن ریٹائرڈ احمد مبین شہید کی قبر پر حاضری دی۔ مستنصر فیروز اور احمد مبین شہید کی والدہ نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ٹریفک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی والدہ نے نم آنکھوں کے ساتھ کہا کہ بیٹے پر فخر ہے مگر بیٹے کی تنہائی میں بہت مشکل سے وقت گزارا ہے۔ سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ احمد مبین شہید کی شہادت نے محکمے کی عزت اور وقار کو بام عروج بخشا۔ یوم شہدائے پولیس دراصل تجدید عہد کا دن ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ، احمد مبین شہید کے عزیز واقارب سمیت دیگر پولیس افسران تقریب میں شریک ہوئے۔