معروف گلوکار اخلاق احمد کو دنیا سے رخصت ہوئے 24 برس بیت گئے

08-04-2023

(لاہور نیوز) مخملی آواز ، دلکش انداز معروف گلوکار اخلاق احمد کو دنیا سے رخصت ہوئے 24 برس بیت گئے۔

معروف پلے بیک سنگر اخلاق احمد نے اپنے کیریئر کا آغاز 1960ء میں سٹیج گلوکاری سے کیا۔ گلوکار اخلاق احمد نے 1974ء میں فلم چاہت میں ’’ساون آئے ساون جائے‘‘  گیت گایا جو ان کی پہچان بن گیا۔ اخلاق احمد نے شوبز کی دنیا میں اس وقت قدم رکھا جب گلوکاروں کا فلمی دنیا میں جگہ بنانا انتہائی مشکل تھا۔ اخلاق احمد نے اپنی سریلی آواز اور انتھک محنت سے ایک الگ مقام حاصل کیا۔ فلم ’’بندش‘‘ میں  ایک گیت نے اخلاق احمد کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ گلوکار اخلاق احمد نے فلمی کیریئر کے دوران 86 فلموں کے لیے 177 نغمے گائے۔ ان کی آواز میں گایا گیا آخری گیت فلم’’ نکاح‘‘ میں شامل کیا گیا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہیں آٹھ بار نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔ گلوکار اخلاق احمد کینسر کے باعث 4 اگست 1999ء کو اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔