معروف شاعر فیض احمد فیض سے منسوب فیض گھر کو بند کر دیا گیا

08-04-2023

(لاہور نیوز) معروف شاعر فیض احمد فیض سے منسوب فیض گھر کو بند کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے بجلی کے بلوں اور مہنگائی میں اضافے کو بندش کا باعث قرار دے دیا۔

معروف شاعر فیض احمد فیض ہمارے ملک کے ایسے لیجنڈری شاعر جو بیرونی دنیا میں بھی اپنی نمایاں پہچان رکھتے ہیں۔ بیشتر ناقدین اُنہیں مرزا غالب اور علامہ اقبال کے بعد سب سے عظیم شاعر قرار دیتے ہیں۔ 1984 میں انتقال کر جانے والے فیض احمد فیض کی یاد میں 2008 میں ماڈل ٹاؤن میں اُن کے نام سے فیض گھر قائم کیا گیا تھا۔ فیض گھر میں فیض احمد فیض سے منسوب مختلف نوادرات رکھے گئے تھے۔ مختلف ادبی سیشنز بھی فیض گھر کی سرگرمیوں کا مستقل حصہ تھے لیکن اخراجات میں ناقابل برداشت اضافے کے باعث اِسے بند کر دیا گیا ہے۔ وہ جگہ جہاں ہروقت رونق لگی رہتی تھی، اب بھائیں بھائیں کرتی دکھائی دیتی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق فیض گھر کو نئے مقام پر قائم کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔