ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کا جنون آخری حدوں کو چھونے لگا، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز کی چاندی

08-04-2023

(ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کا جنون آخری حدوں کو چھونے لگا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو کھیلے جانے کا امکان ہے، آئی سی سی اس حوالے سے پاکستان کو آگاہ کرچکا ہے، جس پر پی سی بی نے رضامندی بھی ظاہر کردی، شیڈول میں تبدیلی کا اعلان آئی سی سی کی جانب سے جلد متوقع ہے، اس کے باوجود پاک بھارت میچ کیلئے جنون اپنی آخری حدوں کو چھو رہا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شائقین احمد آباد میں اس ہائی وولٹیج میچ سے لطف اندوز ہونے کیلئے بے قرار ہیں، صرف بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے شائقین کی بڑی تعداد اس شہر کا رخ کرنے والی ہے، اس لیے میزبان شہر کے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کی چاندی ہوگئی ہے، کرایوں میں کئی سو گنا کا اضافہ کردیا گیا، بڑے ہوٹلز میں تو کمرے تقریباً بک بھی ہوچکے ہیں، گیسٹ ہاؤسز میں بھی گنجائش ختم ہورہی ہے۔ پاک بھارت میچ کے موقع پر بھارتی ایئرلائنز نے بھی کرایوں میں بے پناہ اضافہ کردیا، بڑے بھارتی شہروں سے احمد آباد کا موجودہ کرایہ 4 سے 6 ہزار روپے کے درمیان ہے لیکن اب یہ کرایہ 50 ہزار سے بھی تجاوز کرچکا ہے، جس میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔ ٹور آپریٹرز اور ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ جتنی مانگ پاک بھارت میچ کی ہے اتنی ورلڈ کپ کے افتتاحی اور فائنل مقابلے کی بھی نہیں نظر آتی، خود بھارت کے دیگر ٹیموں سے میچز میں بھی شائقین اتنی دلچسپی نہیں لے رہے جتنی پاکستان سے مقابلے میں ہے۔