ایشیاکپ کی ٹکٹوں کیلئے انتظار طول پکڑنے لگا، شائقین بے چین

08-04-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ کی ٹکٹوں کیلئے انتظار طول پکڑنے لگا جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے کوئی اپ ڈیٹ تاحال سامنے نہیں آئی۔

ایشیا کپ کے انعقاد میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے مگر ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹکٹوں کے حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ جاری نہیں کی گئی، ایشیائی شوپیس ایونٹ کا آغاز 30 اگست کو پاکستان میں ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کے کچھ میچز پاکستان جبکہ زیادہ تر مقابلے سری لنکا میں ہوں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 ستمبر کو کینڈی میں مقابلہ ہوگا جہاں پر تماشائیوں کی گنجائش 35 ہزار ہے، اس میں ہاؤس فل رہنے کی توقع ہے تاہم ٹکٹوں کے اجرا میں تاخیر سے شائقین کی فرسٹریشن میں اضافہ ہونے لگا ہے،انہیں ٹکٹ ملنے پر اپنا سفری پلان فائنل کرنا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اے سی سی کی جانب سے ٹکٹوں کے اجرا کا عمل تیز کیا جارہا ہے، 10 اگست تک اس حوالے سے تفصیلات ظاہر کردی جائیں گی، ایشیا کپ میں پاک بھارت معرکے کیلئے دونوں ممالک کے شائقین کی بڑی تعداد میں سری لنکا جانے کا امکان ہے۔ ٹکٹ پریمیئم، سٹینڈرڈ اور جنرل کیٹیگری میں فروخت کیلئے پیش کیے جائینگے، پاکستان اور بھارت کے میچ میں ٹکٹوں کی قیمت زیادہ ہوگی۔ سری لنکا کی جانب سے پہلے ہی غیرملکی شائقین کو ٹکٹ ڈالرز میں فروخت کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے، ٹکٹیں آن لائن بھی فروخت کیلیئ پیش کی جائیں گی۔ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے کم سے کم 2 بار مدمقابل آنے کا امکان ہے، اگر دونوں ٹیمیں فائنل کیلئے کوالیفائی کرتی ہیں تو پھر تیسری بار بھی مقابلہ ہوگا۔