بابراعظم اس وقت دنیا کے نمبر ون بیٹر ہیں، سابق سری لنکن بولر چمندا واس

08-04-2023

(ویب ڈیسک) سری لنکا کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر چمندا واس نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو دنیا کو نمبر ون بیٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابراعظم کی لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

سابق سری لنکن فاسٹ بولر اور بولنگ کوچ کولمبو سٹرائیکرز چمندا واس نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم نےکولمبو سٹرائیکرز کی کپتانی سے معذرت کی اور کپتانی کے بجائے بطور بیٹر کھیلنے کو ترجیح دی۔ چمندا واس نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ بابراعظم اس وقت دنیا کے نمبر ون بیٹر ہیں، جس طرح بابراعظم نے میچز جتوائے وہ قابل تعریف ہیں۔ بولنگ کوچ کولمبو سٹرائیکرز نے کہا کہ بابراعظم کے ٹیم میں ہونے سے نوجوان لڑکوں کو سیکھنے کا موقع ملےگا۔ خیال رہے کہ بابراعظم نے گزشتہ روز 59 رنز کی اننگز کھیل کر کولمبو سٹرائیکرز کو میچ جتوایا تھا۔ اس سے قبل کولمبو اسٹرائیکر کے کپتان نروشان ڈکویلا نے بھی ڈریسنگ روم میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے آسان نہیں تھی لیکن بابر اعظم نے ہمت نہیں ہاری اور آخر تک کھڑے رہے اور ٹیم کو ایک اچھا ٹوٹل فراہم کیا۔