لاہور سمیت ملک بھر میں کتنے غیر قانونی پٹرول پمپس چلائے جا رہے ہیں؟بڑی تعداد سامنے آگئی

08-03-2023

(ویب ڈیسک)ملک بھر میں 7 ہزار سے زائد غیر قانونی پٹرول پمپس چلائے جانے کا انکشاف ہواہے۔

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی نگرانی کرنے والا ادارہ اوگرا خود ہی اُن کا سہولت کاربن گیا،کئی تیل کمپنیوں کو گنجائش سے زیادہ تیل ذخیرہ کرنے کی اجازت دی۔ کئی کو سٹوریج کی صلاحیت پوری کیے بنا ہی لائسنس بانٹ دئیے گئے۔ آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی رپورٹ نے اوگرا کی بے ضابطگیوں کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔   رپورٹ کےمطابق کئی تیل کمپنیوں نے گنجائش سے زائد غیرقانونی پٹرول پمپ بنا رکھے ہیں۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں غیرقانونی طورپرتیل کی خریداری اورفروخت میں ملوث ہیں۔ اوگرا نے کوٹے سے زائد ڈیزل درآمد کرنے کی اجازت دے کرمقامی ریفائنریزکو بھی نقصان پہنچایا۔ 25 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو سٹوریج کی صلاحیت پوری کیے بغیر ہی لائسنس تھما دئیے گئے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہےکہ پورے ملک میں بوتلوں اور ڈرمزمیں پٹرول کی فروخت جاری ہے۔غیرمعیاری ٹینکوں میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کو بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔