لاہور میں نکاسی آب کیلئے استعمال ہونے والی مشینری ناکارہ ہو گئی

08-03-2023

(لاہور نیوز) لاہور میں نکاسی آب کیلئے استعمال ہونے والی مشینری ناکارہ ہو گئی۔ گندے پانی کے نکاس کیلئے 26 ڈسپوزل سٹیشنز پر 57 پمپ خراب ہیں۔

نکاسی آب کیلئے استعمال ہونے والی مشینری ناکارہ ہونے لگی۔ شہر کے 128 مقامات پر ڈسپوزل اور لفٹ سٹیشن پمپنگ کے ذریعے گندا پانی دریا میں پھینکتے ہیں۔ 26 ڈسپوزل سٹیشنز پر 57 پمپ تکنیکی خرابی کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈسپوزل سٹیشنز پر نصب 57 پمپ پانی کا اخراج استعداد کار سے کم کر رہے ہیں۔ لاہور نیوز مبینہ طور پر خراب پمپس کی تفصیلات سامنے لے آیا۔ شادباغ ڈسپوزل سٹیشن پر نصب 40 کیوسک کے تین پمپ زائد المیعاد ہو چکے ہیں۔ صدیق پورہ اور کھوکھر روڈ ڈسپوزل سٹیشن پر 71 اور 56 کیوسک کے دو ، دو پمپ بھی مدت پوری کر چکے ہیں۔ بھوگیوال ڈسپوزل سٹیشن پر 25 کیوسک کے تین پمپ تبدیلی کے منتظر ہیں۔ محمود بوٹی ڈسپوزل سٹیشن پر 56 کیوسک کے ایک پمپ کی تبدیلی درکار ہے۔ تاجپورہ ڈسپوزل سٹیشن پر چار، شادی پورہ اور بھاٹی گیٹ ڈسپوزل پر دو دو پمپس تکنیکی خرابی کا شکار ہیں۔ گلشن راوی ڈسپوزل سٹیشن پر چار ،لکشمی چوک کے تین پمپس کی کارکردگی بھی متاثر ہے۔ شہر کے 57 پمپس کی کارکردگی متاثر ہونے سے سیوریج اور نکاسی آب میں مشکلات کا سامنا ہے۔ واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واسا نے پمپس کی تبدیلی کے لئے پنجاب حکومت کو استدعا کر دی ہے ۔ فنڈز کے اجراء کے بعد پمپس تبدیل کئے جائیں گے۔