گھریلو تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی صحت میں بہتری، پلیٹ لیٹس 80 ہزار ہو گئے

08-03-2023

(لاہور نیوز) گھریلو تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی صحت میں بہتری آنے لگی۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا ہے رضوانہ کے پلیٹ لیٹس 12 ہزار سے بڑھ کر 80 ہزار ہو گئے۔ سانس کی بحالی میں بہتری کے بعد آکسیجن کی سپلائی کم کر دی ہے۔ رضوانہ کھانا خود مانگ رہی ہے اور ذہنی کیفیت بھی دو دن سے ٹھیک ہے،رضوانہ نے گزشتہ رات کہا مجھے گھر جانا ہے۔ جسم میں موجود انفیکشن میں کمی کے بعد بازو کی سرجری کریں گے۔ اس سے قبل الفرید ظفر  کا کہنا تھا کہ رضوانہ کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث سانس میں دشواری آتی ہے، سانس کی دشواری کے باعث حالت تشویشناک ہو جاتی ہے، بلڈ میں  انفیکشن کے باعث جسم کے اعضاء متاثر ہوئے ہیں، انفیکشن کنٹرول ہونے کے بعد دائیں بازو کی سرجری ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ رضوانہ کو میڈیکل کیئر نہیں ملی جس کی وجہ سے کیڑے پڑے اور انفیکشن ہوا ، رضوانہ کی روزانہ دو سے تین مرتبہ مرہم پٹی تبدیل ہو رہی ہے، رضوانہ کے پھیپھڑوں اور دل کے حوالے سے مسائل موجود ہیں۔