حمزہ خان نے سینئر سکواش چیمپئن شپ جیتنے کا عزم کر لیا

08-03-2023

(ویب ڈیسک) ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیتنے والے پاکستان کے کھلاڑی حمزہ خان نے سینئر چیمپئن شپ جیتنے کے عزم کا اظہار کر دیا۔

جونیئر سکواش چیمپئن حمزہ خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی سکواش کھلاڑی کے والدین نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ خان کی والدہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے احساسات کا اظہار الفاظ میں نہیں کرسکتی، کھوئے ہوئے اعزازات حمزہ خان واپس لے کر آئیں گے جبکہ ان کے والد کا کہنا تھا کہ حمزہ کو بچپن سے ہی سکواش کا شوق تھا ، اسے دیکھ کر اندازہ ہوگیا تھا اس میں ٹیلنٹ ہے اور کھیل شروع کرتے ہی حمزہ نے 6 ماہ میں چیمپئن شپ جیت لی۔ اس موقع پر حمزہ خان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں اپنے مقصد میں کامیاب ہوا، جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیت کرآیا ہوں، جلد سینئر مقابلہ بھی جیتوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مجھے مدد ملتی رہی تو پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں گا۔ یاد رہے کہ حمزہ خان نے آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں منعقدہ ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے پہلا گیم ہارنے کے باوجود باؤنس بیک کرتے ہوئے مسلسل تین گیم اپنے نام کئے اور مصر کے محمد زکریا کو 10-12، 14-12، 11-3 اور 11-6 سے شکست دے کر ایونٹ کے فاتح قرار پائے۔ خیال رہے کہ حمزہ خان جان شیر خان کے بعد پاکستان کی جانب سے ایونٹ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جنہوں نے 37 سال قبل ٹائٹل اپنے نام کیا ۔