ڈیفنس میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا قتل
08-03-2023
(ویب ڈیسک) لاہور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں رائفل رینج روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے، مقتولین کی شناخت محمود شفیع اور تصور کے نام سے ہوئی جو کہ کباڑ کا کام کرتے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لے کر ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین پر 2021ء میں تھانہ سبزہ زار میں قتل کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا جس سے بظاہر باپ بیٹے کا قتل ان کی دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ پولیس نے مزید تحقیقات کی غرض سے متاثرہ خاندان کے بیانات ریکارڈ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔