نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ

08-02-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے رواں ماہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، عامر میر،ابراہیم مراد، ڈاکٹر ناصر جمال، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹریز زراعت، تعمیرات و مواصلات، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، توانائی، صحت، خزانہ، اطلاعات، لائیو سٹاک، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت ہوئی۔ سیکرٹری آبپاشی، تمام کمشنرز، ڈی سی قصور اور ڈی سی شیخوپورہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں رواں ماہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے محکمہ آبپاشی اور تمام کمشنرز کو جاری فنڈز بروقت استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کو ممکنہ سیلاب والے علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پنجاب حکومت نے محکمہ آبپاشی کو ضروری فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ دریاؤں کے پشتے اور بند پہلے سے مضبوط بنائے جائیں۔ دریاؤں کے بیڈ کے اندر موجود آبادیوں کی حفاظت کے لئے پیشگی انخلاء یقینی بنایا جائے۔ موسم کی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے۔