پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، مزدا ایسوسی ایشن نے کرائے بڑھا دیے

08-02-2023

(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ برقرار ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کو بنیاد بنا کر پاکستان مزدا ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں دس فیصد اضافہ کردیا۔

پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 30 ہزار سے بڑھا کر 35 ہزار روپے کر دیا، لاہور سے ملتان کا کرایہ 25 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے اور لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 13 ہزار سے بڑھا کر 16 ہزار روپے کر دیا۔ چئیرمین پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن حاجی شیر علی کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے، اگر کرایوں میں اضافہ نہیں کرتے تو مزدے بند کرنے پڑ سکتے ہیں ، حکومت کو چاہئے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لے۔ ادھر ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں ازخود اضافہ کردیا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کیا ہے۔