تشدد کا نشانہ بننے والی ملازمہ رضوانہ کی حالت میں بہتری آنا شروع
08-02-2023
(لاہور نیوز) تشدد کا نشانہ بننے والی گھریلو ملازمہ رضوانہ کی حالت میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔
پروفیسر ڈاکٹرفریدالظفر نے رضوانہ کی حالت کے بارے میں بتایا کہ رضوانہ کی حالت میں بہتری آرہی ہے، رضوانہ کھانا خود مانگ رہی ہے اور ذہنی کیفیت بھی دو دن سے ٹھیک ہے،رضوانہ نے گزشتہ رات کہا مجھے گھر جانا ہے ۔ فریدالظفر نے مزید کہا کہ رضوانہ کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث سانس میں دشواری آتی ہے، سانس کی دشواری کے باعث حالت تشویشناک ہوجاتی ہے، بلڈ میں انفیکشن کے باعث جسم کے اعضاء متاثر ہوئے ہیں، انفیکشن کنٹرول ہونے کے بعد دائیں بازو کی سرجری ہوگی۔ پروفیسر فرید الظفر کا کہنا ہے کہ رضوانہ کو میڈیکل کیئر نہیں ملی جس کی وجہ سے کیڑے پڑے اور انفیکشن ہوا ، رضوانہ کی روزانہ دو سے تین مرتبہ مرہم پٹی تبدیل ہو رہی ہے، رضوانہ کے پھیپھڑوں اور دل کے حوالے سے مسائل موجود ہیں- ڈاکٹر فریدالظفر نے کہا کہ رضوانہ کے سانس کا لیول ڈراپ ہے جس سے تشویش بڑھتی ہے ، دو دفعہ برونکو سکوپی کر چکے ہیں مزید برونکو سکوپی نہیں کر سکتے، رضوانہ کے بازوؤں کے دو فریکچر ہیں، دائیں بازو کی سرجری ہوگی، رضوانہ کے جسم میں انفیکشن کنٹرول ہوگا تو اس کی سرجری کریں گے، رضوانہ کو خون بھی لگایا جا رہا ہے،اگر تین چار دن حالت ٹھیک رہی تو ریکوری کے فیز میں داخل ہو جائے گی۔