میٹرک کے خراب نتائج والے سکولوں کے سربراہان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

08-02-2023

(لاہور نیوز) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے میٹرک کے امتحانات میں ناقص کارکردگی والے سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میٹرک کے سالانہ نتائج میں خراب کارکردگی والے سکولوں کو محکمہ سکول ایجوکیشن نے ریکارڈ جمع کرنے کے احکامات دیئے ہیں، متعلقہ تعلیمی بورڈ سے کم نتائج والے سکول سربراہان اور اساتذہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لاہور میں رواں سال کامیابی کا تناسب 74 فیصد سے زیادہ رہا، 74 فیصد سے کم نتائج دینے والے اساتذہ اور سکول سربراہان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، کارروائی کا حتمی فیصلہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کریں گے۔