چیئرمین پی ٹی آئی پر 22 اگست کو فرد جرم عائد کرینگے : الیکشن کمیشن
08-02-2023
(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین پر 22 اگست کو فرد جرم عائد کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین عدالت الیکشن کمیشن کی سماعت ای سی پی کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شعیب شاہین، الیکشن کمیشن پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ مجھے اس کیس کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا اور سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی۔وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ عدالتی چھٹیوں کے باعث اگلی سماعت ستمبر میں رکھ لیں ۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگست کی تاریخ لیں، پھر ہم مصروف ہو جائیں گے۔وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست بھی دیدی۔ ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ آج تو پی ٹی آئی چیئرمین پر فرد جرم عائد کرنی تھی ، چیئرمین پی ٹی آئی اگلی سماعت پر خود پیش ہوں گے؟ جس پر پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل نے کہا کہ امید ہے ، پوری کوشش کریں گے کہ وہ اگلی پیشی پر حاضر ہو جائیں۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی اگلی پیشی پر حاضری لازمی ہے، ان پر فردجرم عائد کریں گے ۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے قائد تحریک انصاف کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔