دس دنوں کی مہمان حکومت عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے کرجائے گی: شیخ رشید

08-02-2023

(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے دس دنوں کی مہمان حکومت عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے کر جائے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ مہنگائی مارچ کرنے والی آخری 10 دن کی حکومت سے کون غیر ملکی  سرمایہ کاری کے معاہدے کرے گا، پٹرول بم سے بڑا بم بجلی کے بل کے ساتھ عوام کو ملنے والا ہے،  سیاسی، سماجی اور اقتصادی تباہی کے بعد آئین اور قانون آخری ہچکیاں لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران آئندہ 10 دنوں میں عوام کے لیے مزید تباہی اور بربادی کے فیصلے کرکے جائیں گے، عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے کر جائیں گے، ایک طرف کانفرنس پر کانفرنس کی جارہی ہے تو دوسری طرف مہنگائی اور بیروزگاری سے  غریب کا گلا کاٹا جارہا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 85 ممبروں پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی شاہی کابینہ جو دس دنوں کی مہمان اداکار ہے جاتے جاتے  پٹرول، آٹا، چینی، گیس اور بجلی  پر ایسا جھاڑو پھیر کے جارہی ہے کہ غریب معاشی طور پر زندہ مر گیا ہے،  جو حکمران سب اچھا کہہ رہے ہیں وہ بھی شکنجے میں آنے والے ہیں، ان کی خواہشیں اور خبریں دس دنوں میں دم توڑ جائیں گی۔ آخری 10دن کی مہنگائی مارچ کرنے والی حکومت سے کون غیر ملکی سرمایہ کاری کےمعاہدے کرے گاپٹرول بم سے بڑابم بجلی کے بل کے ساتھ عوام کو ملنے والا ہے سیاسی سماجی اقتصادی تباہی کے بعد آئین اور قانون آخری ہچکیاں لے رہا ہے موجودہ حکومت آئندہ 10 دنوں میں عوام کے لیے مزید تباہی اور بربادی… — Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 2, 2023 سابق وزیر داخلہ نے کہا الیکشن ہونا یا نہ ہونا  یہ وقت آنے پر کرنے کی بات ہے، یہ اب غریب کا کیس نہیں رہا، 90 دن تو ایک بہانہ ہے اصل میں انہوں نے الیکشن کو آگے کہیں اور لے کر جانا ہے اور قانون کی بالادستی کا بھی جنازہ نکالنا ہے، اگر سپریم کورٹ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرا سکی تو 25 کروڑ عوام مایوسی کی دلدل میں کوئی بھی رخ اختیار کر سکتی ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی ڈی ایم کے تمام سیاستدان الیکشن کے حوالے سے مختلف  بیانات دے رہے ہیں اور ساری ذمہ داری اب الیکشن کمیشن پر ڈال رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے لئے بہترین موقع ہے کہ تمام قیاس آرائیاں اور الیکشن کمیشن پر اٹھنے والی انگلیاں ختم کر دے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ ایسا شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروائے کہ تاریخ میں نام لکھا جائے، یہ الیکشن کمیشن کی عزت، جمہوریت، پاکستان اور غریب عوام کی زندگی اور موت کا سوال ہے۔